وزیراعظم کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوبہترخدمات کی فراہمی کیلئے وفاقی ڈویژنوں میں سہولت کارافسروں کی تعیناتی کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمرا ن خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے انتالیس وفاقی ڈویژنوں میں سہولت کار افسر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کے ڈیلیوری یونٹ کے مطابق کوئی افسر انیس گریڈ کے درجے سے کم کا نہیں ہوگا، وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سہولت کار افسروں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن  جاری کریں۔

وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے تیرہ وزارتوں کے چونتیس ذیلی محکموں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وفاقی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس اقدام کے حوالے سے وزارت خارجہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ،انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت اور وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ پاکستانیوں کیلئے معلومات کا تبادلہ کرے۔

تمام ڈویژنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سونپے گئے کام کی تکمیل سے متعلق اکیس روز میں رپورٹ جمع کرائی جائے۔ اس اقدام کا مقصد مختلف دفاتر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو در پیش مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔