اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی جبراور قبضے کے خلاف جرات مندانہ جدوجہد میں ضرور سرخرو ہوں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ اہل کشمیر کی حق خود ارادیت کے حصول کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے دیرینہ مسائل میں سے ایک ہے، بھارتی ہٹ دھرمی، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اب تک حل نہیں ہو سکا،کشمیری عوام مشکل حالات، دہشت اور ظلم کے خلاف برسرِپیکار ہیں،بھارت کشمیرمیں غیر انسانی حربے، سفاکانہ قوانین اور ریاستی دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے۔کشمیری عوام کی خواہشات اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کا حتمی مقصد ہے۔ ریاست جموں و کشمیر کے متعلق حتمی فیصلہ صرف کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا،کشمیری عوام جبر، ناجائز قبضے کے خلاف جرات مندانہ جدوجہد میں ضرور سرخرو ہوں گے۔جنوبی ایشیا میں دیرپا قیام امن کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔حکومت پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے،پوری دنیا میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں گے، مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔