پشاور(صباح نیوز) امیدواربرائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 75صابرحسین اعوان نے چمکنی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے کہا کہ جب تک ملک میں دیانتدار قیادت برسر اقتدار نہیں آئے گی لوگوں کو اپنے دکھوں اور بے شمار مسائل سے چھٹکار ا نہیں مل سکتا ۔ ایوانوں میں بیٹھے حکمران لوگوں کی خدمت کی بجائے اپنی تجوریاں بھرنے پر لگے ہوئے ہیں جبکہ غریب اور متوسط طبقات کے لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں ،غریبوں کی جوان بیٹیاں غربت اور افلاس کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی بوڑھی ہو رہی ہیں ۔
اس موقع پر صدرالخدمت فاونڈیشن صوبہ خیبرپختونخوا خالدوقاص چمکنی ، سابق ناظم چمکنی واصل فاروق خان ، ویلج کونسل چیئرمین حاجی جمٹ خان اور دیگر ذمہ داران بھی جلسہ عام میں موجود تھے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے مزیدکہاکہ کرپشن نے پاکستان کے قومی اداروں کو تباہ و برباد کر دیا ہے ۔ جماعت اسلامی قوم سے اپیل کرتی ہے کہ وہ سراج الحق جیسی ایماندار اور باصلاحیت لیڈر شپ کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی اچھے اور ایماندار لیڈر کے ساتھ ساتھ گلی محلے تک کی خدمت کے جذبوں سے سرشار کرپشن سے پاک قیادت کی حامل جماعت ہے ۔