مقبوضہ کشمیر میں محاصرے تلاشی اور پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں میں اضافہ


سری نگر: نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کے سلسلے میں مقبوضہ کشمیر میں محاصرے تلاشی اور پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں میں اضافہ ہو گیا ہے  26 جنوری کی آمد کے سلسلہ میں لالچوک سرینگر اور جموں کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز کے اہلکار ہائی الرٹ ہیں۔

بازاروں اور سڑکوں پر چل رہے مسافروں عام لوگوں کو جگہ جگہ تلاشیوں کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔گاڑیوں ،موٹر سائیکل سواروں کو روکا جارہا  ہے  ۔ جموں اور کشمیر میں فورسز ہائی الرٹ پر ہیں ۔ کٹھوعہ اور سانبہ کے جڑواں سرحدی ضلع میں بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔وادی میں خاص طور پر حفاظتی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں۔

فورسز نے اپنی گشت میں تیزی لائی ہے اس حوالے سے شہر سرینگر سمیت وادی کے باقی علاقوں میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔شہر سرینگر میں ناکے لگانے کے مقامام میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

کرکٹ سٹیڈیم کے ارد گرد سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔دریں اثنا اسلام آباد میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک چوکی پر دستی بم حملے کے بعد بھارتی فورسز نے  پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی  مہم شروع کر دی ہے ۔