پشاور ہائی کورٹ کا پاکستانی خواتین کے افغان شوہروں کو پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے کا حکم


 پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائی کورٹ نے پاکستانی خواتین کے افغان شوہروں کو پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی)جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائی کورٹ میں افغان شہریوں سے شادی کرنے والی پاکستانی خواتین کی درخواستوں پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس شکیل احمد نے کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار خواتین نے افغان باشندوں سے شادی کی ہے اور درخواست گزار خواتین کے بچے بھی ہیں لیکن ان کے شوہروں کو پی او سی کارڈ جاری نہیں کئے گئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایاکہ شوہروں کو پی او سی کارڈ جاری نہ کرنے کے باعث خواتین اور ان کے بچوں کو مشکلات ہیں جس پر عدالت نے درخواست گزار خواتین کے افغان شوہروں کو قانون کے مطابق پی او سی کارڈ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار خواتین کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں، انہیں ہراساں نہ کرکیا جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پشاور ہائیکورٹ نے 109افغان باشندوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔