پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا و امیدوار این اے 39 پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط امریکی گماشتوں نے قوم کو بھوک، مہنگائی، بدامنی، دہشتگردی، نا انصافی اور لا قانونیت کے تحفے دیے ہیں، ملک کے بحرانوں کے ذمہ دار ایک بار پھر ووٹ مانگنے نکلے ہیں۔ پرانے شکاری نئے جال لے کر آئے ہیں۔ عوام ہوشیار رہیں، انتخابات میں آزمائے ہوئے کو دوبارہ ووٹ دینا بے وقوفی اور بدنصیبی ہوگی۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر عوام کو حقوق دلائے گی۔ ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، مخلص قیادت نہ ہونے کی وجہ سے ملک مسائل کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، عوام 8 فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگائیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے بنوں میں عام انتخابات کے سلسلے میں مختلف مقامات پر منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر پروفیسر محمد اجمل خان، سابق امیر مفتی صفت اللہ، امیدوار پی کے 100 حاجی اختر علی شاہ، ملک یسین خان، ملک یوسف خان میتا خیل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ملکی وسائل کو بروئے کار لائے گی، ہم صنعتی و معاشی انقلاب لائیں گے۔ صوبے کے قیمتی معدنی ذخائر کو استعمال میں لا کر صوبے کی پسماندگی دور کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت میں صحت اور تعلیم سہولیات مفت ہوں گی۔ خواتین اور نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرکے قوم کا مفید شہری بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر صوبے اور عوام کی محرومیاں ختم کریں گے۔ 8 فروری عوام کی محرومیوں کے ذمہ داروں کا یومِ احتساب ہے۔ عوام ان لوگوں کو مسترد کرکے ترازو کو کامیاب کریں۔