ملتان(صباح نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے ان ہاؤس تبدیلی آئے گی اور نہ حکومت ختم ہوگی، تحریک انصا ف کی جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، 2023 سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کردیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ابھی الیکشن کا وقت ہے نہ ہی تیاریاں کی جارہی ہیں، عام انتخابات 2023 میں ہی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 2023 کی عوامی عدالت میں اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر جائے گی اور ملک بھر میں پھرپور کامیابی حاصل کرے گی
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں، ماضی میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد اس کا سلسلہ بند ہوگیا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہائوس تبدیلی آئیگی نہ حکومت ختم ہوگی، تحریک انصا ف کی جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک نہ کوئی فلیٹس ہیں نہ کوئی اکائونٹس اور نہ ہی کسی حکومتی رکن کا باہر جانے کا پروگرام ہے، ہم عوام کے درمیان میں رہ رہے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے باعث گزشتہ دو سالوں سے عالمی معیشت بھی بحرانوں کی زد میں ہے، حکومت مہنگائی کے خاتمے کی کوشش کررہی ہے 2023 سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کردیں گے۔