بانی پاکستان کے سنہرے اقدار پر کاربند رہنے سے ہی ملک ترقی کرے گا، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بچوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم میں اعلی معیار کے حصول اور قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپنا کر ملک کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ وہ پیر کو ایوان صدر میں قائد اور بچے کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ خاتون اول ثمینہ علوی، وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور معذور افراد سمیت سکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بانی پاکستان کے سنہرے اقدار پر کاربند رہنے سے ہی ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران بچے بھی ان میں شامل تھے جو اپنے قائد سے محبت کرتے تھے اور علیحدہ وطن کی جدوجہد میں ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑے تھے۔ انہوں نے قائداعظم کو بچوں کے لکھے گئے چند جذباتی خطوط پڑھ کر سنائے تو انہوں نے نہ صرف بچوں کی حمایت کی بلکہ اپنی بچت میں جمع کی ہوئی رقم بھی انھیں بجھوائی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم معاشی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے خواتین اور معاشرے کے دیگر طبقات کو مرکزی دھارے میں لانے پر پختہ یقین رکھتے تھے۔انہوں نے تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں خواتین اور معذور افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے یہ ملک انتہائی لگن اور عزم کے ساتھ بنایا اور اس بات پر زور دیا کہ اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ صدر علوی نے کہا کہ کشمیر میں لوگ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مشکلات کا شکار ہیں جبکہ اقلیتوں کو مسلسل ظلم و ستم کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ صورتحال دو قومی نظریہ کی اہمیت کو مزید تقویت دیتی ہے جس نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی ضرورت پیش کی

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنما تھے جن کی جدوجہد سے دنیا میں تبدیلی آئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہزاروں لوگوں کی قربانیوں کے بعد بنا تھا اور اسے محنت اور عزم کے ساتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ثمینہ علوی نے بچوں کے ساتھ مل کر قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے چاروں صوبوں اور کشمیر کی بھرپور ثقافت کی عکاسی کرنے والے لوک نغموں پر رقص کیا۔ بینائی سے محروم بچوں کے ایک گروپ نے دل دل پاکستان گانے پر ایک ٹیبلو پیش کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ معذور بچوں کی سہولت کے لیے پوری تقریب کو ایک ساتھ اشاروں کی زبان میں بھی پیش کیا گیا۔۔