ملک میں معاشی وسیاسی بحران کی ذمہ دار سابق حکمران جماعتیں ہیں،محمد حسین محنتی

کراچی(صبا ح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی وسیاسی بحران کی ذمہ دار سابق حکمران جماعتیں ہیں جنہوں نے ملکی استحکام، معاشی ترقی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی بجائے اپنے ذاتی مفادات اور آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل کی جس کی وجہ سے آج ملک مہنگائی،معیشت کی تباہی اور دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، عوام08فروری کے انتخابات میں نااہل اور غیروں کے آلہ کار ٹولے کو مسترد کرکے اہل،مخلص اور دیانتدار قیادت کو کامیاب کرے تاکہ ملک ترقی اور عوام کے مسائل حل ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہادرآباد میں انتخابی اجتماع کارکنان سے سے خطاب کے دوران کیا جس میں مرد وخواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ مہنگائی سے لیکربدامنی اورسیلاب زدگان کی دادرسی تک جماعت اسلامی کراچی تا کشمور عوام کے حقوق کے لیے ایک توانا آواز بنی ہے۔عوام نے خدمت کا موقعہ دیا توبھرپورخدمت کریں گے۔