لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی و سابق ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تجاوزات کے نا م پر غریب ریڑھی بانوں کا کا استحصال ہورہا ہے۔مزدوروں اور پھل فروشوں کو گرفتار کرنا اُن کے اہل خانہ کی روزی چھیننے کے مترادف ہے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر فرید پراچہ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا کام صرف انتخابات کا انعقاد اور نگرانی ہے۔
غریب عوام کو تنگ کرنا اور اُن کو جیل کی سلاخوں میں بند کرنا اُن کی ذمہ داری نہیں۔تجاوازت کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط و مربوط نظام وضع کیا جائے تاکہ غریب محنت کشوں کا نقصان نہ ہو۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت فوری طور پر تمام گرفتار شدگان کو رہا کرے اور اُن کے نقصان کا سدباب کرے۔چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ ہے کہ وہ پنجاب کی نگران انتظامیہ کو ایسے ظالمانہ اقدامات سے روکیں جس سے غریبوں کا معاشی قتل ہو۔