انتخابات میں تاخیر ملک وقوم کے حق میں بہتر نہیں ہے،محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر ملک وقوم کے حق میں بہتر نہیں  ہے۔ اس بار بھی شفاف الیکشن اور عوام کو اپنی مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا موقع نہ دیا گیا تو پھر عوام کا انتخابات سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ آئین ک تحت سندھ کو قدرتی گیس کا جائز حصہ ملناچاہئیے وزیراعلیٰ سندھ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ گیس بجلی سے محروم ہونے کے باوجود بھاری بل اورقیمتوں میں مسلسل اضافہ ظلم و ناانصافیوں کے مارے عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ جمعیت نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور روشن مستقبل کی نوید ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احباب جمعیت سندھ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ،ناظم اسلامی جمعیت سندھ انجنیئرمرزانعمان،احباب سندھ کے ناظم زبیر حفیظ اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل پارٹیاں 16 ماہ کی حکومت میں اکٹھی تھیں بظاہرمہنگائی،بدامنی ومعیشت کی بدحالی کا ذمے دارایک دوسرے کو قراردے رہی ہیں مگرمسئلہ فلسطین ،سودی معیشت سے لیکرعوام دشمن اقدامات تک یہ سب ذمے دار اورایک پیج پرہیں۔سولہ ماہ حکومت کے مزے لوٹنے والے انتخابات کا اعلان ہوتے ہی ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشیاں کر رہے ہیں۔عوام آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات میں ان کا احتساب کریں۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے یوم تاسیس کے موقع پر ڈویژنل سطح پر احباب جمعیت کے کنونشن منعقد کرنے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔