اسلام آباد(صباح نیوز )جماعت اسلامی کے نامزد اُمیدوار برائے قومی اسمبلی این 47 محمد کاشف چوہدری نے سی ڈی اے کی جانب سے ملپور بھارہ کہو میں آپریشن کر کے اہل علاقہ کے گھروں کو گرانے اور ان کے بجلی کے میٹر اُتارنے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا ہے کہ سی ڈی اے کا شہریوں کو متبادل جگہ دیے بغیر گھروں کو گرانا غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام ہے ، اہل علاقہ نے انہیں بتایا کہ سی ڈی اے کی جانب سے اراضی ایکوائرڈ کی گئی لیکن متاثرین کو نہ تو ادائیگیاں کی گئیں اور نہ ہی متبادل پلاٹ دئیے گئے، محمد کاشف چوہدری نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات کی منظوری کیلئے سی ڈی اے کے حکام سے ملاقات کرکے انہیں انصاف دلوائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے متاثرین آپر یشن کے احتجاجی مظاہرے کے شر کاء سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکر ٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محمد کاشف چوہدری نے کہا عوام کی ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے متاثرین اسلام آباد کی آواز بنیں گے اور ان کی آواز پارلیمنٹ میں گونجے گی ،متاثرین اسلام آباد کے ساتھ سی ڈی اے شروع دن سے زیادتیاں کر رہا ہے اور ان کی قیمتی اراضی کو اونے پونے داموں خرید کر انہیں بے گھر کیا جا رہا ہے،
انھوں نے کہا سی ڈی اے عوام پر ظلم کر رہا ہے اراضی ایوارڈ کر لی جاتی ہے لیکن ان کی نہ تو پے منٹ کی جاتی ہے اور نہ ہی انہیں معاوضہ دیا جاتا ہے، انشاء اللہ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو کامیابی حاصل کرکے متاثرین اسلام آبادکو ان کے جائز حق دلوائیں گے اور انہیں سی ڈی اے کی چیرہ دستیوں سے نجات دلوانے کیلئے موثر قانون سازی کی جائیگی۔