بیاد مریم جمیلہ  عجم و فلسطین کے موضوع پرسیمینار  


لاہور(صباح نیوز)مریم جمیلہ کی علمی خدمات پر یونیورسٹیسز کی سطح پر پی ایچ  ڈی ہونی چاہئیے۔پوری دنیا میں مغربی اور امریکی و یہودیت کے گھناونے کردار کو مریم جمیلہ نے بے نقاب کیا۔دین اسلام کی خدمت و ترویج کے لیے انہوں نے 38 کتابیں لکھیں جو آج پاکستان کی ہر بیٹی کے ہاتھ میں ہونی چاہئیے۔علامہ اقبال  ،مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی  کے بعد مریم جمیلہ ایک جامع سکالر تھی۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے گذشتہ روز بیاد مریم جمیلہ  عجم و فلسطین کے موضوع پرسیمینار  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما سابق ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی حافظ محمد ادریس  نے صدارت کی۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،علما مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے صدر میاں مقصود احمد ،کرنل اشفاق حسین،سینئر تجزیہ کار سجاد میر،حفیظ اللہ خان نیازی،میجر آفتاب ،جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین سمیحہ  راحیل قاضی ،ماریہ معین بیٹی مریم جمیلہ  ،رانا نثار،صوفی خلیق احمد بٹ،افتخار احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

حافظ محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا مریم جمیلہ کی دین اسلام کی خدمات مدتوں یاد رہیں گی ان کا پھیلایا ہوا چراغ علم دنیا کے حق پرستوں کے لیے روشنی امید کی کرن ہے مریم جمیلہ نے مغربی تہذیب ،یہودیت کے ناپاک عزائم کا پردہ چاک کر کے اسلام کی حقیقت آفاقی دنیا پر آشکار کی۔جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا مریم جمیلہ نے مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی  سے جب رابطہ کیا تو اپنے خط کے جواب میں مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی  کے جوابی خط پر ان کے دل میں اطمینان پیدا ہوا اور اسی بنا پر انہوں نے اسلام کی دعوت کو حق سے آشنائی حاصل کر کے اسلام قبول کیاوہ خواتین کے لیے ایک مشعل راہ فلاسفر تھیں۔نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہامریم جمیلہ نے نیکی،تقوی ،تذکیہ نفس والی زندگی بسر کی وہ ایک عالمہ فاضلہ مومنہ اور مجاہدہ فی سبیل اللہ تھیں خود مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی  نے مریم جمیلہ کے بارے میں کہا تھا کہ جب میں ان کی تحریر پڑھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ میں اپنی کتابیں پڑھ رہا ہوں۔

علما مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے صدر میاں مقصود احمد نے کہا مریم جمیلہ کی زندگی اور جستجو ہمیں بتا گئی ہے کہ دین اسلام میں بڑی کشش اور تڑپ ہے ۔مریم جمیلہ کے لیے انکے شوہر محمد یوسف خان اور شفیقہ بیگم نے بھی لازوال قربانی دی۔کرنل (ر)اشفاق حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا مریم جمیلہ امریکہ سے پاکستان اپنا جو ٹائپ رائٹر لے کر آئیں وہ پاکستان امریکہ کے اس وقت کے لاکھوں ڈالر کے معاہدوں سے زیادہ قیمتی تھا۔میجر(ر)آفتاب نے کہا مریم جمیلہ نے لڑکپن میں ہی مغرب کا بھیانک چہرہ پہنچان لیا تھا امریکی تہذیب کے گھناونے کردار کو مریم جمیلہ نے دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا مریم جمیلہ کی زندگی کو دیکھ کر عورتوں کو سعادت کی زندگی گزارنی چاہئیے۔وہ خواتین میں بڑا عزت کا مقام رکھتی تھیں۔مارگریٹ مارکس سے مریم جمیلہ کا سفر خواتین کے لیے ایک فخر کی حیثیت رکھتی ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیحہ  راحیل قاضی نے کہا مریم جمیلہ کی قدر پاکستان سے زیادہ یورپ ،امریکہ میں دیکھی جا سکتی ہے۔جماعت اسلامی لاہور کے رہنما امیدوار قومی اسمبلی این اے 125 خلیق احمد بٹ نے کہا کہ انشا ء اللہ مریم جمیلہ کی دین اسلام کے لیے خدمات ان کی اولاد کے لیے صدقہ جاریہ بنے گا۔مریم جمیلہ کی تصانیف پاکستان کے ہر سرکارہ و تعلیمی اداروں میں ہونی چاہئیے۔تقریب میں محمد یوسف خان اور مریم جمیلہ کے بیٹوں ،بیٹیوں اور عزیزوں اقارب کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔