الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت لاہور میں پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد، ہزاروں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا


لاہور(صباح نیوز) الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت  لاہور میں پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور لاہور ضیا الدین انصاری، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الخدمت لاہور کے صدر انجنیئر احمد حماد رشید، الخدمت فاؤنڈیشن کے دیگر ذمہ داران ، ملک کے نامور آئی ٹی ایکسپرٹ، اساتذہ، دانشور، صحافی حضرات سمیت ہزاروں طلبا نے شرکت کی۔

اس موقع پر ضیا الدین کا کہنا تھا کہ شہرِ لاہور کے لاکھوں نوجوان اپنے بہتر مستقبل اور نوکریوں کی تلاش میں ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن بنو قابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے گی۔ الخدمت فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے شہر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو آئی ٹی کی مہارت کی تربیت اور تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں۔ انتہائی پرجوش پروگرام بنو قابل کے ذریعے نوجوان چھ ماہ میں آئی ٹی کورسز میں مہارت حاصل کرکے باعزت طریقے سے روزگار کمانا شروع کر سکیں۔ آئی ٹی کورسز کیلئے امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے  قابلیت جانچنے کے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ انجینئر احمد حماد رشید نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سائبر سیکورٹی، گرافک اینڈ موشن ڈیزائن اور دیگر مہارتوں پر مبنی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔

اس پروگرام کے تحت طلبا میں تیزی سے پیداواری صلاحیتیں اور قابلِ قدر ملازمتیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ پروفیشنل اور افراد کو اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن شہر کے قابل نوجوانوں کو ایسا بنا دے گی کہ نہ صرف وہ اپنی فیملی کو غربت کے اندھے کنویں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ وطنِ عزیز کے لئے زرمبادلہ کما کر قومی خدمت بھی سرانجام دیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پیسے کمانا زندگی گزارنے کے لئے بہت ضروری ہے مگر اخلاقیات کا دامن کبھی ہاتھ سے نا چھوٹے۔ یہ صرف نوجوانوں کی خدمت نہیں بلکہ پوری ملک و قوم کی خدمت ہے۔ اس موقع پر ٹیسٹ میں شریک طلبہ و طالبات نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور یہ عزم کیا کے وہ ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔