آصف زرداری کی جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے مزید ریفرنسز میں بریت کی درخواستیں دائر


اسلام آباد (صباح نیوز)سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے مزید ریفرنسز میں بریت کی درخواست کردی۔ آصف علی زرداری نے دوسرے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستیں دائر کردیں ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کی درخواستوں پر نیب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 18نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ آصف علی زرداری نے پارک لین، میگا منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں بریت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی تک تیسرے نیب ترمیمی آرڈیننس کا گزٹ نوٹیفیکیشن موصول نہیں ہوا  جبکہ احتساب عدالت کے جج  نے کہاکہ نئے نیب ترمیمی آرڈیننس کا گزٹ نوٹیفکیشن موصول نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا کا م بہت متاثر ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری اس سے قبل توشہ خانہ ریفرنس میں بھی بریت کی درخواست دائر کرچکے ہیں۔ جبکہ نیب حکام نے آصف علی زرداری کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کی استدعاکی تھی۔ جبکہ آصف علی زرداری نے آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کے کیس میں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے۔