فلسطینیوں کو بچانے کے لیے عالم اسلام کی قیادت کو فوری عملی اقدامات کرنا ہونگے مولاناعبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ منشیات فروش،بدعنوان ،سمگلرز،لٹیروں کوقو م پر مسلط کرنے سے مسائل ومشکلات اورپریشانیوں میں بدترین اضافہ ہورہاہے قوم مزید اس ریہرسل کامتحمل نہیں ہوسکتا۔بدقسمتی سے بلوچستان کو حکمرانوں ،مقتدرقوتوں اور بدنام سیاستدانوںنے تجربہ گاہ بنادیاہے۔

چمن دھرنے کو سنجیدگی سے لیکر مطالبات کو قانونی طریقے سے مان لیاجائے۔ دھمکی۔ پولیس گردی سے مسائل بڑھیں گے۔بلوچستان کے عوام مسائل کے حل ،حقوق کے حصول دیانت دارلوگوں کواقتداردینے کیلئے الیکشن میں جماعت اسلامی کاساتھ دیں تاکہ لٹیرے ناکام دیانت دار اہل قوم کا دکھ دردجاننے والے لوگ کامیاب ہوجائے اورقوم مسائل مشکلات کے دلدل سے نکل سکیں۔انہوں نے کہاکہ جماعتِ اسلامی نے ترازو نشان، اسلامی فلاحی انقلابی منشور اور ملک و مِلت کے لیے لازوال قربانیوں، امانت و دیانت کی بنیاد پر خدمات کے کردار کے ساتھ ملک بھر میں ووٹرز سے رابطہ کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ جماعتِ اسلامی نے کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میںقومی وصوبائی اسمبلیوں کے امیدوار میدانِ انتخاب میں اتار دیے ہیں۔

انتخابی نشان ترازو جیت کا نشان بنے گا۔ عدل و انصاف کا نظام آئے گا۔ ماضی میں حکمرانی پر براجمان رہنے والی جماعتیں اپنی حکومتی کارکردگی کی بجائے عوام کو زہریلی پولرائزیشن میں مبتلا رکھ کر جذباتی، نمائشی اور انتقامی سیاست کی بنیاد پر عوام کو بیوقوف بنانے کے منصوبے بنارہی ہیں۔ پی پی پی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی ازسرِنو اسٹیبلشمنٹ کی نظرِ کرم کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ کے انسان ازسرِنو بدترین بم باری، قتلِ عام اور نسل کشی کی وجہ سے سیاہ وقت سے گزر رہے ہیں۔ غزہ کے مکینوں کو خوف، بربریت، قتل و غارت گری زیر نہیں کرسکی اب اسرائیلی صیہونی امریکی، برطانوی ایما پر بستیاں اجاڑ رہے ہیں اور انسانوں کو صفحہ ہستی سے مٹادینا چاہتے ہیں۔

عرب اور دیگر مسلم ممالک کے سربراہان سخت الفاظ میں احتجاج تو کررہے ہیں لیکن حالات اور انسانوں کی تباہی روکنے کے لیے عالمِ اسلام کی قیادت کو فوری عملی اقدامات کرنا ہونگے، وگرنہ بیگناہ مظلوم فلسطینیوں کا خون پورے عالمِ اسلام کے لیے جرم اور آزمائش کا ذریعہ بن جائے گا#