جماعت اسلامی ہر شعبہ ہائے زندگی میں قیادت کی تبدیلی کے لئے کوشاں ہے-ڈاکٹر حمیرا طارق

بہاولپور (صباح نیوز)  جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین  کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق  نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں قرارداد مقاصد آئین کا حصہ بنی .جماعت اسلامی ہر شعبہ ہائے زندگی میں قیادت کی تبدیلی کے لئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین  کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے خواتین کنونشن بہاولپور سے اپنے خطاب میں کیا ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی پہلی دینی اور سیاسی جماعت ہے جس نے1988 میں خواتین کے حقوق کا چارٹر پیش کیا۔جماعت اسلامی اقتدار  میں آ کر خواتین کے بنیادی حقوق صحت، تعلیم ، عزت کی حفاظت اور مہنگائی کا خاتمہ کرے گی ۔

جماعت اسلامی کا مقصد روز اول سے اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کامیاب کنونشن کے انعقاد پر صوبائی و ضلعی ذمہ داران و کارکنان ،سیاسی سیل جنوبی پنجاب کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی انقلابی جدوجہد آنے والی نسلوں کی حفاظت اور نظریہ پاکستان کی بقا کے لئے ہے ، حلقہ خواتین کی جس انتخابی مہم کا آغاز بھاولپور سے ہوا ہے اسی جوش ، عزم اور جذبے کے ساتھ ملک کے کونے کونے میں موجود ہماری بہنیں اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی ۔

ہر دن میدان عمل میں اترنے اور نظریے کے حصول کی جدوجہد کا ہے ۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ  ایوان میں بیٹھنے والوں نے کرپشن کی انتہا کر دی کہ پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ دو لاکھ 16 ہزار روپے   کامقروض اور 250 ارب ڈالرز کے قرضے سیاستدانوں کو معاف کر دیئے گئے ییں،بیوروکریسی 700 ارب کی کرپشن میں ملوث ہے ،ایسے میں انتخابات ان عناصر  کو مسترد کرنے اور جماعت اسلامی کی بے داغ کرپشن سے پاک قیادت پر اعتماد کا دن ہو گا ۔