الیکشن سے قبل چوروں کا ٹولہ عوام پر حکمرانی کرنے کے لئے گٹھ جوڑ کر رہا ہے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل چوروں کا ٹولہ پاکستان کے 25کروڑ عوام پر حکمرانی کرنے کے لئے گٹھ جوڑ کر رہا ہے ۔ قوم نے ان ظالموں کو بار بار آزما لیا ، اب ان کے فریب سے نکل کر حقیقی نمائندوںکو موقع دیا جانا چاہئے ۔ مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے ۔ ملک چوروں  لیٹروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اور فیصل آباد میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ  مہنگائی کا جن دن بدن بے قابو ہو چکا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میںاضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ عوام کے لئے بل ادا کرنا محال ہوگیا ہے، تاجر دوہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گھر اور دکان کے بجلی کے بل ادا کرنے کے لئے رقم میسر نہیں رہی۔ بجلی کے بلوں، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے عوام فاقہ کشی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں ۔ ادارے تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت عوام پر مہنگای کے حملے کرنے کی بجاے الیکشن کمیشن سے ملکر صاف اور شفاف الیکشن کرواے ۔ عام انتخابات کے انعقاد سے ہی ملک میں جاری آ ئینی بحران کا خاتمہ ہوگا۔ ملک کو 76برسوں سے آٹا مافیاز کے رحم و کرم پر ہے ۔  محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے 63روزہ انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ ہمارا ٹارگٹ نوجوانوںمیں سیاسی شعور پیدا کر کے اس تحریک کا حصہ بنانا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی نے پچاس فیصد ٹکٹس نوجوانوں کو دیے ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو ان مافیا ز سے بچانا چاہتی ہے جاگیر داروں، سرمایہ داروںاور وڈیروں کو مسترد کر کے قوم ہمارا ساتھ دے