غزہ کے مکینوں کو خوف، بربریت، قتل و غارت گری زیر نہیں کرسکی،لیاقت بلوچ

لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیاسی، قومی اور انتخابی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا  ہے کہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ کے انسان ازسرِنو بدترین بم باری، قتلِ عام اور نسل کشی کی وجہ سے سیاہ وقت سے گذر رہے ہیں۔ غزہ کے مکینوں کو خوف، بربریت، قتل و غارت گری زیر نہیں کرسکی؛ اب اسرائیلی صیہونی امریکی، برطانوی ایما پر بستیاں اجاڑ رہے ہیں اور انسانوں کو صفحہ ہستی سے مٹادینا چاہتے ہیں۔ عرب اور دیگر مسلم ممالک کے سربراہان سخت الفاظ میں احتجاج تو کررہے ہیں لیکن حالات اور انسانوں کی تباہی روکنے کے لیے عالمِ اسلام کی قیادت کو فوری عملی اقدامات کرنا ہونگے، وگرنہ بیگناہ مظلوم فلسطینیوں کا خون پورے عالمِ اسلام کے لیے جرم اور آزمائش کا ذریعہ بن جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے لاہور کے سکول میں فلسطین فنڈ ریزنگ پروگرام اور این اے 128 کی انتخابی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے ترازو نشان، اسلامی فلاحی انقلابی منشور اور ملک و مِلت کے لیے لازوال قربانیوں، امانت و دیانت کی بنیاد پر خدمات کے کردار کے ساتھ ملک بھر میں ووٹرز سے رابطہ کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ جماعتِ اسلامی نے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار میدانِ انتخاب میں اتار دیے ہیں۔ انتخابی نشان ترازو جیت کا نشان بنے گا۔ عدل و انصاف کا نظام آئے گا۔ ماضی میں حکمرانی پر براجمان رہنے والی جماعتیں اپنی حکومتی کارکردگی کی بجائے عوام کو زہریلی پولرائزیشن میں مبتلا رکھ کر جذباتی، نمائشی اور انتقامی سیاست کی بنیاد پر 25 کروڑ عوام کو بیوقوف بنانے کے منصوبے بنارہی ہیں۔ پی پی پی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی ازسرِنو اسٹیبلشمنٹ کی نظرِ کرم کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ اور آزمائے ہوئے ناکام سیاسی دھڑے ایک دوسرے کی کمزوریوں سے بلیک میل ہورہے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا دلربا عنوان صرف اِسی حد تک محدود نہ رکھا جائے کہ تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق دیا جائے، ہم اِس مقف کی حمایت کرتے ہیں۔ انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کا اصل حق تو یہ ہے کہ غیرجانبدارانہ انتخاب، اسٹیبلشمنٹ اور اقتدار کے لالچی سیاسی دھڑوں کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ، انتخابات میں اخراجات اور انتخابی عمل کے کنڈکٹ کے لیے تمام جماعتوں کے متفقہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سختی سے عملدرآمد کرائے۔ جماعتِ اسلامی کا وفد انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرے گا۔