بیس کیمپ کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے. ڈاکٹر محمد مشتاق خان

مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے،آزادکشمیر بھر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث بیرون ملک ریگستاتوں اور سمندروں کی نظر ہورہے ہیں ،حکومت نوجوانوں کے باعزت روزگار کے لیے کو اقدام نہیں کرسکی،پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس جو خطے کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے میرٹ پر تعیناتی کا ذریعہ تھا عملاً مفلوج ہے،پبلک سروس کمیشن گزشتہ ایک سال سے غیر فعال ہے،حالیہ اسمبلی اجلاس میں این ٹی ایس کو ختم کرنے سے خطے کے نوجوان شدید اضطراب کا شکار ہیں ،جماعت اسلامی خطے کے نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر منظم کر کے میرٹ کی بحالی کے لیے تحریک چلائے گی ،

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کپیٹل سٹی مظفرآباد کے اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے بہترین پروگرام کے انعقاد پر ضلعی ٹیم کومبارکباد پیش کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ سیاسی جماعتیں خطے کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے جماعت اسلامی خطے کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل رکھتی ہے جلد آزادکشمیر بھر میں بنو قابل پروگرام شروع کر رہے ہیں تا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو ہنر مند بنا یا جائے انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کے حکمرانوں کو خطے کی حساسیت کا ادراک کرنا ہو گا ایک طرف آزادکشمیر بھر میں لوگ بجلی بلات پر سراپا احتجاج ہیں مہنگائی اور بے روزگاری میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے حکومت احتجاجی مظاہرین کے مطالبات پورے کرنے کی بجائے این ٹی ایس کو ختم کر کے خطے میں مزید انتشار کی راہ ہموار کررہی ہے جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے نقصان دہ ہے ،انہوں نے کہاکہ حکومت پبلک سروس کمیشن کو فوری فعال کرے این ٹی ایس کے ذریعے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کا اہتمام کرے ۔