ووٹ ایک مقد س امانت ہے ، ہمیں اِس امانت کے درست استعمال سے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے

لاہور(صباح نیوز)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، سعید گل نے قومی ووٹرز ڈے پر کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی نظام کی تقویت کیلئے شفاف الیکشن کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے موثر اور خاطر خواہ اقدامات لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج قومی ووٹر ز ڈے کے توسط سے پاکستان کے تمام اہل ووٹرز سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ آنیوالے عام انتخابات کے دن ا پنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے  پولنگ اسٹیشنزپر ضرور تشریف لائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ووٹرز کی آگاہی کیلئے ووٹر ایجوکیشن کا کام بھی چاروں صوبوں میں جاری ہے۔ جنوری 2022 سے لے کر اب تک صوبائی اور ضلعی سطح پر 2500 کے قریب Student Voter’s Awareness Sessions منعقد کئے جاچکے ہیں جن کو ہمارے ضلعی الیکشن کمشنر حضرات پورے جوش و خروش سے مختلف تعلیمی اداروں میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کاکام بھی مکمل کر لیا ہے۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ 8300پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر ووٹ کی تفصیلات چیک کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کے مابین فرق کو خاطر خواہ حد تک کم کرلیا ہے۔ یہ فرق 2018 میں 12 فیصد تھا جبکہ آج الیکشن کمیشن، نادرا  اور سول سوسائیٹی کی کاوشوں سے یہ فرق کم ہو کر 8فیصد رہ گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق 8فروری کوانتخابات کے انعقاد کی تما م تیاریاں مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق بلا رکاوٹ جاری ہیں۔ انہوں نے قومی ووٹر ڈے پر عوام الناس کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ ایک مقد س امانت ہے اور ہمیں اِس امانت کے درست استعمال سے ایک ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دینا ہے اور ملک و قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اِس قومی فریضے کو ذمہ داری سے ادا کریں اور بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشن پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ عام انتخابات کے دوران پولنگ ڈے پر 8300 ایس ایم ایس سروس پر ووٹرز اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن کا نام اور لوکیشن حاصل کر سکیں گے۔۔