اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ وژن پاکستان 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا راستہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ یہ بات انہوں جمعرات کو انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے افتتاحی اجلاس کے موقع پرمیں کہی ۔ وزارت تجارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے معروف صنعتی گروپوں کے نامور سی ای او ز نے شرکت کی ۔ انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے ممبران میں فواد احمد مختار، محمد علی ٹبہ، وقار احمد ملک، عبدالصمد داد، رضا منشا، شہزاد اصغر علی، سمیر چنائے، عامر فیاض شیخ، شہباز یاسین ملک، احسن بشیر، سید حیدر علی، اور فاروق نسیم شامل ہیں۔کونسل کے سرکاری اراکین میں صنعت، تجارت اور خزانہ کے سیکرٹریز بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اہم مسائل کے حل کے لیے صنعت سے وابستہ رہنماوں کی اجتماعی مہارت سے حل تلاش کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع پاکستان کے صنعتی منظرنامے کے وسیع مواقع کو بروئے کار لانے کے لیے ایک مشترکہ کوشش ہے اور یہ 100 ارب ڈالر کی برآمدات حاصل کرنے کے قومی مقصد سے ہم آہنگ اجتماع ہے۔توقع ہے کہ اس کے نتائج اختراعی حل، پالیسی سفارشات اور باہمی تعاون پر مبنی اقدامات کی راہ ہموار کریں گے جو صنعتی شعبے کی ترقی اور پائیداری میں اہم کردار ادا کریں گے۔اجلاس کے دوران انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے پرائیویٹ سیکٹر کے ہر ممبر نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ۔ اس موقع پر پریزنٹیشنز بھی دی گئیں جن میں صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی اور اس کی بہتری کے لیے قابل قدرعملی تجاویز پیش کی گئیں۔۔۔