قوم ووٹنگ ڈے کو آزمودہ پارٹیوں کے لیے یوم احتساب بنا دے، سراج الحق

  تیمرگرہ دیر پائن(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے انتخابات میں چند وڈیرے جاگیردار اور سرمایہ دار غلاموں کا تعین کرتے ہیں۔ پاکستان خاندانوں کی حکمرانی یا موروثی سیاست کے لیے نہیں بنا۔ باپ ، بیٹا، بھائی، سمدھی، بیٹی اکٹھے بیٹھیں تو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا نام دے دیا جاتا ہے۔ قوم ووٹنگ ڈے کو آزمودہ پارٹیوں کے لیے یوم احتساب بنا دے، انشاء اللہ8  فروری جمہوریت کے حق میں انقلاب کا دن ہوگا، ووٹرز اسی روز موروثی سیاست، کرپشن اور آزمودہ پارٹیوں کے تسلط سے نجات حاصل کریں گے، عوام کلین، گرین، خوشحال اسلامی فلاحی پاکستان کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ دیر پائن میں انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع اعزازالملک افکاری اور دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجودتھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک قائداعظم کی قیادت میں جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا، لاکھوں اسلامیان برصغیر نے اس کے لیے قربانیاں دیں۔ پاکستان بنانے کا مقصد یہاں اسلامی نظام کا نفاذ تھا، 76برس ہو گئے یہ خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا، 35سال ڈکٹیٹروں اور بقیہ عرصہ نام نہاد سول جمہوری حکومتوں نے ضائع کر دیے، اس عرصہ میں ملک کی معیشت تباہ ہوئی، سودی نظام جاری رہا، تعلیم، صحت کے شعبوں کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، اداروں کو ناکام بنایا گیا، حکمرانوں کے نام پنڈورا پیپرز اور پاناما لیکس میں آئے، توشہ خانہ تک کو لوٹا گیا، حکمران طبقات نے قرضے لے کر ہڑپ کیے،

اپنی مراعات اور پروٹوکول جاری رکھا اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑا گیا، آج ملک میں انصاف نہیں، طاقتور قانون کا مذاق اڑاتا ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، اکثریت صاف پانی تک سے محروم ہیں، حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف اور استعمار کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنائیں، یہ امریکا کے وفادار ہیں، انھوں نے واشنگٹن کے خوف سے فلسطینیوں کے حق میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔ الیکشن میں 60روز باقی ہیں، جماعت اسلامی کے کارکنان اسلامی فلاحی پاکستان کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں، بھرپور کمپیئن جاری رکھی جائے، جے آئی یوتھ آج سے ملک بھر میں الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے، اس دوران جماعت اسلامی کے ایک کروڑ نئے ووٹرز بنائے جائیں گے، پولنگ سٹیشن کی سطح پر دھاندلی کو روکنے کے لیے جے آئی یوتھ کا بنیادی یونٹ قائم کیا جائے گا۔ موجودہ الیکشن انصاف و قانون کی بالادستی، غربت کے خاتمے، مہنگائی، بے روزگاری سے جان چھڑانے کے لیے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قوم اپنی تقدیر کا فیصلہ کرے گی۔

قبل ازیں امیر جماعت نے جمعرات کی صبح اسلام آباد میں غزہ یکجہتی کیمپ کا افتتاح کیا اور کہا کہ فلسطین کی آزادی تک پاکستان کے دارالحکومت سے اہل غزہ کو پیغام ملتا رہے گا کہ پاکستان کے عوام اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حماس کی جدوجہد میں پاکستانیوں اور جماعت اسلامی سمیت پوری امت کے لیے درس ہے۔ اسرائیل کو شکست ہو گی اور اہل غزہ سرخرو ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی طرف سے مختلف شہروں سے نکالے گئے ملین مارچز سے فلسطینیوں کو حوصلہ ملا، پوری دنیا میں کروڑوں باضمیر انسان اہل فلسطین کی حمایت کر رہے ہیں، بزدل حکمران خاموش ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران امریکی خوف کی وجہ سے اسرائیل کے خلاف کوئی اقدام نہیںاٹھا رہے، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اور جن اسلامی ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ ناجائز صہیونی ریاست سے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔ انھوں نے کہا کہ امریکا ایک ذمہ دار ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، مگر اس کی جانب سے اسرائیلی ظلم کو حمایت جاری ہے، امریکی اقدام سے پونے دو ارب مسلمان غم و غصہ میں مبتلا ہیں، واشنگٹن اپنا طرز عمل بدلے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران فلسطین کے دفاع کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں، اگر انھوں نے اسرائیلی ظلم پر خاموشی اختیار کیے رکھی تو امت اور تاریخ انھیں معاف نہیں کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اہلیان فلسطین اپنی عزت، ناموس اور سرزمین کے لیے دفاعی جہاد کر رہے ہیں جو ان کا حق ہے، جماعت اسلامی فلسطین یکجہتی تحریک جاری رکھے گی۔