تعلیمی نصاب میں خطبہ حجتہ الوداع کی تعلیمات کو شامل کیا جانا چاہئے. سید جمال شاہ

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے کہا ہے کہ تعلیمی نصاب میں خطبہ حجتہ الوداع کی تعلیمات کو شامل کیا جانا چاہئے اور تعلیمی ادارے ان تعلیمات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے انٹرنیشنل سنٹر آف ایکسیلنس فار سیر سٹڈیز کے زیر اہتمام پاک سعودی حکومتوں کے مشترکہ تعاون سے سیرت، تمدنی شعور اور رواداری کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید جمال شاہ نے کہا کہ نبی کریم ۖ نے معاشرے میں ذمہ دار شہری بن کر معاشرے کی خدمت کی تعلیمات دیں، حضرت محمد ۖ کی تعلیمات دوسروں کے ساتھ حسن سلوک اور اس کی اہمیت کو مسلسل اجاگر کرتی ہیں۔ سید جمال شاہ نے مزید کہا کہ رسول اللہ ۖ نے فرمایا کہ تم میں سے بہترین وہ ہے جس کا اخلاق سب سے اچھا ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ لازوال حکمت مسلمانوں کی روزمرہ کی زندگی میں شہری احساس کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔قبل ازیں نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت نے کانفرنس کے سلسلے میں منعقدہ بین الاقوامی سیر نمائش کا بھی افتتاح کیا۔اس کانفرنس میں قومی اور بین الاقوامی شہرت کے حامل مقررین 100 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ اس موقع پر پروفیسر ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ ملک نے موجودہ دور میں اس اہم بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر پاک سعودی حکومتوں کی کاوشوں پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم نوجوانوں کے لئے بہت ضروری ہے۔ڈاکٹر ثمینہ نے کہا کہ سیرت النبی انسانی زندگی میں شہری احساس سیکھنے کے لئے رہنمائی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حیثیت سے ہمارے طلبہ کی رہنمائی کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب، ڈائریکٹر، بہاوالدین زکریا یونیورسٹی،

ملتان نے بھی افتتاحی تقریب کے دوران سیرت نبوی ۖ پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر مہمان اعزاز ڈاکٹر عزالدین بنزغیبہ، ڈائریکٹر جنرل، جمعہ الماجد، سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹیج، دبئی، یو اے ای نے بھی کانفرنس کے شرکا سے خطاب کیا اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیا الحق، ڈائریکٹر جنرل، ادارہ تحقیقات اسلامی نے کانفرنس کا جامع تعارف پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہری احساس معاشرے کی سماجی اخلاقیات کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری احساس کی یہ خصوصیات ہمیشہ سیرت رسول میں پائی جاتی ہیں۔ یہ کانفرنس 6 دسمبر بدھ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس کے قائداعظم آڈیٹوریم میں اختتام پذیر ہوگی۔ اس موقع پر نگران وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد مہمان خصوصی ہوں گے۔