چیئرمین سینیٹ سے عراقی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز))چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے  پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، اسلامی ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اورہماری قدریں مشترک ہیں۔

پاکستان عراق کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خاصی اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عراقی قوم ایک بہادر قوم ہے جس نے ثابت قدمی سے اپنے مسائل پر قابو پایا ہے۔پاکستان اور عراق کے درمیان براہ راست فضائی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی طاقتیں اسرائیل پردباؤ ڈالیں کہ وہ معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے اور غزہ کا محاصرہ فوری ختم کر کے خوراک اور ادویات کی فراہمی آسان بنائی جائے۔عراقی سفیر نے کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اقتصادی و تجارتی رابطوں کو مزید فروع دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عراق میں کام کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہا اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ عراقی سفیر نے عالم اسلام کے اتحاد کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔