اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معذوری کے حامل افراد کی نقل و حرکت اور رسائی بڑھانے کیلئے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی جانب معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی، انہیں جامع تعلیم اور ہنر کی فراہمی کے بعد صلاحیتوں اور معذوری کے حساب سے نوکریاں دی جانی چاہئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹر فار پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹوز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں سینٹر فار پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹوز کے ایگزیگٹو ڈائریکٹر مختار احمد علی، سماجی کارکنان اور خصوصی افراد شامل تھے۔ وفد نے صدر مملکت کو معذوری کے حامل افراد کی مخصوص ضروریات اور مسائل کے بارے میں بتایا۔صدر مملکت نے معذوری کے حامل افراد کی نقل و حرکت اور رسائی بڑھانے کیلئے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خصوصی افراد کی سہولت کیلئے بازاروں اور عوامی مقامات پر قابل استعمال ریمپس تعمیر کرنا ہوں گے۔
انہوں نے خصوصی افراد کی معاون ٹیکنالوجی تک رسائی بڑھانے کیلئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی علم اور معلومات تک رسائی بڑھانے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد لی جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معذوری کے حامل افراد کی جانب معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، خصوصی افراد کو جامع تعلیم اور ہنر کی فراہمی کے بعد صلاحیتوں اور معذوری کے حساب سے نوکریاں دی جائیں، اس سلسلے میں سرکاری اور نجی شعبے میں خصوصی افراد کے ملازمتوں کے کوٹے پر عمل درآمد کی ضرورت ہے، اس کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کی معاشی خودمختاری کیلئے انہیں ہنر اور قرضوں کی فراہمی آسان بنانا ہوگی۔