کراچی/مٹھی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ میں من پسند حلقہ بندیاں پری پول رگنگ ہے، دستور وجمہوریت کا تقاضا ہے کہ تمام پارٹیوں کو لیول پلینگ کے ساتھ سیاست و میڈیا کوریج کے برابر مواقع فراہم کئے جائیں۔انتخابات کو طاقت اور مال و دولت کا کھیل نہ بنایا جائے،الیکشن کمیشن مخالفین کے اعتراضات پر سنجیدگی کے ساتھ غور اور زمینی حقائق و انصاف کے مطابق حلقہ بندیاں بناکر ملک میں صاف و شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنائے۔جماعت اسلامی کراچی تا کشمور آنے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ،اس سلسلے می تیاریاں شروع کردی ہیں، عوام سندھ کی خوشحالی اور اپنے مسائل کے حل کے لئے اس بار دیانتدار قیادت کا انتخاب کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھرپاکر کے دورہ میں تنظیمی پروگرامات و ضلعی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی امیرنے مٹھی میں قائم الخدمت نعمت اللہ خان ہسپتال کا دورہ کیا اور صحت کی بہتر سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اس سے قبل مٹھی مرکز میں قائم لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔ محمد حسین محنتی کا مزید کہنا تھا کہ تھرپاکر ضلع معدنیات سے مالا مال ہے تھرکول پر کام ہورہاہے ہے مگر تھر کے تمام دیہاتوں کو بجلی فراہم کی جائے اور انڈسٹریز لگا کر مقامی آبادی کو برسر روزگار بنایا جائے۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھر میں اربوں کی لاگت سے لگے سرکاری آر و پلانٹ کباڑ خانہ بنے ہوئے ہیں اس منصوبے کے تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ تھری باشندوں کی فلاح و بہبود پر لگنے والا پیسہ درست استعمال ہو سکے۔انہوں جماعت اسلامی تھر کے رہنمائوں و کارکنان کو انتخابات کی بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔اسی موقع پر جماعت اسلامی تھر کے امیر میر محمد بلیدی،عبدالباسط چارو ،عبدالغنی بجیر،گل محمد وسائی پوٹو ،شاھنواز خاصخیلی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔