چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اردن کے سفیرکی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں اردن کے سفیر Maen Khreisat نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی موجودہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی مہذب دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے جاری بحران کے خاتمے کے لیے اردن کے شاہ عبداللہ بن حسین کی کوششوں کو سراہا۔

  چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ کمپائونڈ کے متولی کے طور پر امن کیلئے اردن کے کردار کو سراہتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی بحران کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر آگاہی بڑھانا ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ نے معصوم فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل نا گزیر ہے،فلسطینی علاقوں میں صیہونی اسرائیلی حکومت کے نسل کشی کے اقدامات اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔ اردن کے سفیر نے فلسطینی عوام کے لئے اردن کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

اردنی سفیر نے کہا کہ غزہ میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے اردن کی جانب سے ایک ہسپتال قائم ہے،فلسطینی عوام سے اردن کی تاریخی وابستگی ہے۔اردنی سفیر نے کہا کہ اردن اور پاکستان کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات ہیں،پاک اردن تعلقات مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار سے جڑے ہیں۔ اردن کے سفیر نے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔