پشاور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر پھر سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4.30روپے اضافہ سنگدلی اور سفاکیت ہے۔ حکومت عوام کو کسی صورت ریلیف دینے کو تیار نہیں، معلوم نہیں عوام سے کس بات کاانتقام لیا جارہا ہے۔ پٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس بموں اور بدترین مہنگائی کے ذریعے عوام کو بغاوت پر اکسایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم بحران اعظم بن چکے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا معاملہ ایک دفعہ پھر سینیٹ کے فلور پر اُٹھایا ہے اور اس مسئلے کو سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔ ماہ دسمبر کے بعد ماہ جنوری کے بلوں میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ لاگو نہیں ہوسکتا۔ ہمارے صوبے میں ایندھن سے بجلی نہیں بنتی اس لئے ایف پی اے کا بھی کوئی جواز نہیں بنتا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔ ایف پی اے کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، اس کے خلاف احتجاج کریں گے، عوام میں شعور بیدار کریں گے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ دسمبر کے مہینے میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام سے 60 ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا جبکہ جنوری کے مہینے میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 4.30روپے فی یونٹ ٹیکس لگا کر تقریباً 60ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بھتہ خوری کی ایک شکل ہے جس کے ذریعے عوام پر ظلم کیا جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایسے لوگ جن کے بجلی جن کے بجلی کے یونٹ زیرو ہیں ان پر بھی ٹی وی فیس، جنرل سیلز ٹیکس اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ہزاروں روپے عائد کردئے جاتے ہیں جبکہ بجلی کا بل وقت پر ادا نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ الگ سے ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر حکومتی بھتے سے غریب عوام پریشان ہیں۔ حکومت عوام پر مزید ظلم بند کرے۔ بجلی کے بلوں سے ایف پی اے ختم کرے اور عوام کو ریلیف دے۔انھوں نے کہا کہ اگر حکومت نے عوام پر مہنگائی کی صورت میں ظلم و ستم کا سلسلہ بند نہ کیا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔