پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے 78 نئے کیسز رپورٹ

لاہور(صباح نیوز) پنجاب بھر میں گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی وائرس کے 78 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 13ہزار آٹھ سو 59 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ روز 47، راولپنڈی میں 5 اور گوجرانوالہ میں 14 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ،ملتان میں گزشتہ روز ایک نئے ڈینگی مریض کی تصدیق ہوئی ،رواں سال فیصل آباد میں ڈینگی کے کل 806 مریض رپورٹ ہوئے،فیصل آباد میں گزشتہ روز 5 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ۔گزشتہ24 گھنٹے کے دوران شیخو پورہ میں ڈینگی کے تین نئے مریض سامنے آئے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران نارووال، خانیوال اور چکوال میں ڈینگی کا ایک، ایک نیا مریض سامنے آیا۔پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 68 مریض زیر علاج ہیں۔علی جان خان نے کہا کہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 38 مریض زیر علاج ہیں، ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔