سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع

راولپنڈی (صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت  میں 9 دسمبر تک توسیع کی گئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف  نے ضمانت کی  درخواستوں پر سماعت کی،

دوران سماعت پراسیکیوٹرنے درخواست کی 2سپیشل پراسیکیوٹرز موجود نہیں ہیں،التوا دیا جائے۔وکیل صفائی  سردار عبدالرزاق نے کہا ہمیں یہ توبتایا جائے کہ شیخ رشید کے خلاف کیا شواہد ہیں،انکو کب اور کیوں ان مقدمات میں ڈالاگیا،انکا نام 9 مئی کی کسی ایف آئی آر میں نہیں تھا۔تمام مقدمات میں 6 ماہ کی تاخیر کے بعد نام ڈالے گئے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اخبار میں پہلے ہی خبر چھپ چکی ہے کہ پراسیکیوشن کیس میں تاریخ لے گی ،جج ملک اعجاز آصف نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ عدالت کی کریڈیبلٹی کا سوال ہے،خبر سے تاثر ملتا ہے کہ شاید عدالت کو کوئی باہر سے کنٹرول کرتا ہے۔آئندہ ایسی خبر چھپی تو ایکشن لوں گا۔عدالت نے آئندہ تاریخ پر تمام تھانوں کے ایس ایچ اوزکو مکمل ریکارڈ لانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔