اسلام آباد،سٹاک ہوم(صباح نیوز)پاکستان اور سویڈن نیدوطرفہ تعاون کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اگلے سال پاکستان اور سویڈن سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منانے، دوطرفہ مذاکرات،باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سویڈن کے دوطرفہ سیاسی مشاورت کا17واں دور سٹاک ہوم میں منعقد ہوا۔
ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ)، سفیر شفقت علی خان نے پاکستانی وفد جبکہ سویڈن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اور گلوبل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈیگ جوہلن ڈینفیلٹ اور قائم مقام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فار ایشیا اینڈ پیسیفک آسکر سلائیٹ نے مشترکہ قیادت کی۔ سویڈن کی وزارت خارجہ سفیر شفقت خان نے سٹیٹ سیکرٹری برائے خارجہ امور جان ناٹسن سے بھی ملاقات کی۔فریقین نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے یورپی یونین کی صدارت کی مدت کامیابی سے مکمل کرنے پر سویڈن کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی، سسٹین ایبل ٹیکنالوجیز، ویسٹ مینجمنٹ، آئی سی ٹی اور آر اینڈ ڈی میں تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید سویڈش کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول سے استفادہ حاصل کرنے کا خیرمقدم اور سویڈن کے حکام نے مضبوط اقتصادی اور سیاسی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد دوطرفہ تعلقات قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سفیر شفقت علی خان نے سویڈن کو افغانستان اور بھارت سمیت جنوبی ایشیا میں سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی جس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا ۔
سویڈن نے پاکستان کو یورپی یونین کی صدارت، نورڈک ریجن اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون کی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔پاکستان سویڈن دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا