کراچی سے اسلام آباد آنے والی ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اترگئیں،مسافر محفوظ رہے


اسلام آباد (صباح نیوز)کراچی سے اسلام آباد آنے والی گرین لائن ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے میں مسافر محفوظ رہے۔ ٹرین کو دو گھنٹوں بعد منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

کراچی سے اسلام آباد آنے والی گرین لائن ایکسپریس پڈعیدن اور بھریاروڈ ریلوے اسٹیشن کے درمیان حادثے کا شکار ہوگئی۔ پاور وین سمیت ٹرین کی دو بوگیاں دو کلومیٹر تک پٹری سے اترگئیں۔ ڈرائیور نے مہارت سے ٹرین کو روک کر بڑے حادثے سے بچالیا جبکہ مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

حادثے کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔ کراچی سے جیکب آباد جانیوالی سکھر ایکسپریس کو کوٹ لالو اور پشاور جانیوالی خیبر میل کو پڈعیدن اسٹیشن پر روک دیا گیا۔حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اور گرین لائن کی دو بوگیوں کو علیحدہ کر کے ٹرین کو اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔