اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی سے معصوم بچوں کی ہنسی چیخ و پکار میں بدل گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن غزہ کے معصوم اور مظلوم بچوں کے نام کرتی ہوں، آج دنیا بچوں کا عالمی دن منا رہی ہے جبکہ فلسطین میں والدین اپنے بچوں کو اجتماعی قبروں میں دفنانے پر مجبور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 5500 بچوں سمیت 13000 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، اسرائیلی دہشت گردی سے معصوم بچوں کی ہنسی چیخ و پکار میں بدل گئی ہے، دنیا کو فلسطین میں جاری بچوں کی خونریزی کے خاتمے کے لیے اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔