وزیراعلیٰ کا انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن کا دورہ،پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال قائم کرنے کااعلان

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ محسن نقوی کا حکومت پنجاب کا پہلا کینسر ہسپتال قائم کرنے کااعلان کیاہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کینسر ہسپتال کااعلان انڈس ہسپتال کے دورے کے دوران انڈس فاؤنڈیشن کے بانی ممبران اقبال احمد قرشی، میاں محمد احسن ،جاوید ارشد بھٹی، ایس ایم پرویز ، انوار احمد خان کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن حکومت پنجاب کو منتقل ہوگا ،انتظامی امور انڈس فاؤنڈیشن سنبھالے گی۔انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن میں عام آدمی کے لئے کینسرکے مکمل علاج کی سہولت میسر ہوگی۔انڈس ہسپتال کا معیار دیکھ کر دل کو سکون ہوا۔

انڈس ہسپتال کی طرح کے عالمی معیار کے ہسپتال پاکستان میںکم ہی ہیں۔ ٹرسٹیز نے اپنے گھر کی طرح شوق او رپیار سے انڈس ہسپتا ل بنایا۔ عوام کے لئے ہسپتال بنانے والے مخیر حضرات دراصل جنت کما رہے ہیں،جزا اللہ تعالیٰ دے گا۔ ہسپتال جس شاندار حالت میں نظر آ رہاہے یہ ٹرسٹیز کی نیک نیتی کا نتیجہ ہے۔ پورے پنجاب میں عوام کا 100فیصد کینسر کا مفت علاج کرنے والا ہسپتال نہیں۔ میاں احسن اور انڈس والوں سے ایک ماہ پہلے بات چل رہی تھی۔ پنجاب حکومت کا فرض بھی ہے او رضرورت بھی ، سرکاری سطح پرکینسر کاالگ ہسپتال ہونا چاہیے تھا۔ ایک ماہ پہلے میا ں احسن نے پنجاب حکومت کا الگ کیسنر ہسپتال کے قائم ہونے کی دعا کرائی ، اللہ تعالیٰ نے سن لی۔ ہم ہسپتال لینے کے لئے تیارہیں،پنجاب حکومت کے نام ٹرانسفر کرنے کی صورت میں اسے کینسر ہسپتال بنا کر چلائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے دعا سن لی ،ہم اپنے دور میں کینسر ہسپتال مکمل کرا کر چلے جائیںگے۔

کینسر ہسپتال کو طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال کے ماڈل پر چلایاجائے گا۔ ہماری تیاری پوری ہے اورکینسر ہسپتال چلانے کے لئے 100فیصد تیار ہیں۔ انڈس فائونڈیشن ہی کینسر ہسپتال کوچلائے گی۔ انڈس ہسپتال پنجاب کا پہلاسرکاری کینسر ہسپتال ہوگا۔ جنرل ہسپتال کے طورپر انڈس ہسپتال کاخرچہ 8ارب روپے سالانہ ہے ،کینسر ہسپتال بننے سے 16 ارب روپے سالانہ ہوجائے گا۔ کینسر کے مریضوں کا علاج مہنگا ہونے کی وجہ سے اخراجات دوگنا ہوجائیں گے۔ انڈس فائونڈیشن کے بانی ممبر میاں محمد احسن نے کہاکہ 2دن میں حکومت کو ٹرانسفر کا عمل مکمل کر کے دیگر اقدامات شروع کردیںگے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انڈس ہسپتال لینے کا اعلان کیا۔ پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان لوگ علاج کے لئے انڈس ہسپتال آئیںگے۔ کوئی لینا دینا نہیں ہسپتال کو مغفرت کاذریعہ سمجھتے ہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کریںگے۔

انواراحمد خان نے آخر میں دعا خیر کرائی ۔قبل ازیں وزیراعلی محسن نقوی نے انڈس ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف وارڈزکامعائنہ ، طبی سہولتوں او رمشینری کا جائزہ لیا ۔وزیراعلی نے مریضوں اور تیماداروں سے انڈس ہسپتال میں مہیا کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔محسن نقوی نے مریضوں کے لئے علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی تعریف کی۔صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،چیف سیکرٹری، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکر ٹری صحت،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او ڈپٹی کمشنر،ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے