کوئٹہ(صباح نیوز)نیب بلوچستان کی انسداد بدعنوانی آگاہی وروک تھام کی مہم کے تحت سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے ریجنل آفس، سمنگلی روڈ کوئٹہ میں “سوئی سدرن گیس کمپنی کے ادارے کے قوانین، قواعد و ضوابط کا مطالعہ ” کے موضوع پر ایک پریونشن موڈ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر (ایس بی یو) محمد انور بلوچ، جنرل منیجر (سی ڈی ار) لطیف اللہ، ریجینل منیجر فاروق احمد، بلنگ انچارج عمران اعظم موجود تھے جب کہ نیب بلوچستان کی جانب سے ڈائریکٹر محمدراشد، ڈپٹی ڈائریکٹر خالد خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر جہانگیر احمد موجود تھے۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد ایس ایس جی سی کے عہدیداران کی مشاورت سے بدعنوانی کے امکانات کو روکنے کے لیے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ڈائریکٹر نیب (بلوچستان) نیشنل آکاونٹی بیلیٹی آرڈیننس کے سیکشن 33سی کے تحت نیب کی آگاہی اور روک تھام کے مینڈیٹ اور بدعنوانی کی لعنت کے خلاف جنگ میں نیب کے کردار پر روشنی ڈالی۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے عہدیداران نے سوئی سدرن گیس کمپنی سے متعلق قوانین/قواعد/ طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کے موثر نفاذ کے ذریعے بدعنوانی کے کسی بھی امکان کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ مزید برآں، عام لوگوں اور کاروباری اداروں کو ان کی شکایات کے ازالے کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔