وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت کئی وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلا م آباد(صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، وزیر خزانہ شمشاد اختر اور وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی سمیت کئی وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں، دستاویزات کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 4 کروڑ 81 لاکھ 82 ہزار580 روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس 20 ایکڑ وراثتی زرعی زمین بھی ہے جس کی مالیت 80 لاکھ روپے ہے جبکہ انوار الحق کاکڑ پاکستان چاغی مائننگ لمیٹڈ میں 50 ہزار روپے کے شیئرز ہیں۔اس کے علاوہ نگران وزیراعظم نے 10 تولے سونے کی قیمت 80 ہزار روپے ظاہر کی ہے، ان کے پاس 2 بینکوں میں 2 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود ہے جبکہ نگران وزیراعظم نے اپنے گھر کے فرنیچر کی مالیت 4 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کراچی ڈی ایچ اے فیز 6 میں 40 لاکھ کا گھر اور ڈی ایچ اے میں ایک پلاٹ کی قیمت لاکھ 25 ہزار ظاہر کی ہے۔وزیر خزانہ نے 2 اراضی کو والد سے گفٹ ملنا ظاہر کیا ہے جبکہ انہوں نے 2 ارب 79 کروڑ روپے کے نیا پاکستان سرٹیفیکیٹ حاصل کر رکھے ہیں۔شمشاد اختر کے پی ایس او میں 3 لاکھ روپے سے زائد کے شیئرز ہیں جبکہ نفع انکم بینک عارف حبیب میں 9 لاکھ 47 ہزار کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔شمشاد اختر نے ٹی بلز کی مد میں 10 کروڑ 96 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں، ٹی ڈی آر بینک الحبیب میں 2 کروڑ 41 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں جبکہ ان کے پاس صرف 2 لاکھ روپے مالیت کا سونا اور 19 لاکھ 46 ہزار روپے کیش ہیں۔نگراں وزیر خزانہ کے پاس بینکوں میں 39 لاکھ 24 ہزار روپے ہیں جبکہ ان کے فرنیچر کی مالیت 2 لاکھ روپے ہے۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے سامنے آنے والے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق ان کے پاس ملتان میں 2 کینال کا گھر ہے جس کی مالیت ایک کروڑ روپے ہے جبکہ ان کے پاس ملتان یونائیٹڈ مال میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کا فلیٹ بھی ہے۔سینیٹر سرفراز بگٹی کے پاس اسلام آباد میں 3 کروڑ 12 لاکھ روپے مالیت کا گھر جبکہ کوئٹہ میں ایک کروڑ روپے مالیت کا پلاٹ بھی ہے۔وزیر داخلہ کے 50 لاکھ روپے مالیت کے بگٹی سی این جی سوئی میں 50 فیصد شئیر ہیں جبکہ 2010 ماڈل کی ایک گاڑی ہے جس کی قیمت 1کروڑ 2 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔سرفراز بگٹی کے پاس 67 لاکھ 98 ہزار روپے کیش جبکہ بینک میں 6 لاکھ 35 ہزار روپے ہیں، ان کے پاس موجود فرنیچر کی مالیت 68 لاکھ روپے ہے۔

سرفراز بگٹی نے اپنے اثاثوں میں 90 اونٹ، 8 ہزار 870 بھیڑیں، 4 ہزار60 بکریاں، 400 گائے، 80 بچھڑے اور86 بھینسیں ظاہر کی ہیں، ان کے لائیو اسٹاک کی مالیت 6 کروڑ 97 لاکھ روپے ہے۔نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔جاری دستاویز کے مطابق نگراں وفاقی وزیراطلاعات 2 کروڑ 32 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، مرتضی سولنگی کے پاس 1 کروڑ 27 لاکھ روپے جبکہ ان کی بیوی کے پاس اسلام آباد میں2 گھر 31لاکھ روپے مالیت  کے اور 18 لاکھ کیش ہے ۔دستاویز میں بتایا گیا کہ مرتضی سولنگی کے پاس بینک میں3 لاکھ 19 ہزار، اہلیہ کے پاس1 لاکھ 57 ہزارروپے ہیں نگراں وفاقی وزیراطلاعات نے4 تولے سونے کی قیمت70 ہزارروپے اور 26 لاکھ 93 ہزار روپے کیش ظاہرکیا ہے جبکہ ان گھرکے فرنیچر کی مالیت 10 لاکھ روپے ظاہرکی گئی ہے۔مزید برآں نگراں وفاقی وزیراطلاعات کے ایس ایم سی پرائیویٹ لمیٹڈ میں25 ہزارکے شئیرزہیں،نگراں وفاقی وزیراطلاعات ساڑھے 12 لاکھ روپے کی گاڑی کے مالک ہیں۔