استنبول(صباح نیوز)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی اہلیہ خاتون اول بیگم سعدیہ رحمت اللہ نے غزہ میں محصور فلسطینی خواتین اور بچوںسمیت شہریوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ عالمی برادری کو اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
استنبول میں پاکستانی سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ترکیہ کی خاتون اول ایمن اردوان کی دعوت پر خاتون اول بیگم سعدیہ رحمت اللہ نے فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یہاں منعقدہ یونائیٹڈ فار پیس سمٹ میں شرکت کی۔بیگم سعدیہ رحمت اللہ نے اپنے خطاب میں فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں اس وقت محصور خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کی طرف سے غیر انسانی جبر اور ظلم ایک جنگی جرم ہے اور عالمی برادری کو اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لئے پاکستان کی ترجیحات پر زور دیا تاکہ غزہ کے لوگوں تک خوراک اور ادویات بغیر کسی تاخیر کے پہنچ سکیں ۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے عالمی قانون ، او آئی سی اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ، جامع اور دیرپا حل پر زور دیا۔انہوں نے حال ہی میں منعقدہ مشترکہ عرب اسلامی سربراہی غیر معمولی اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی حمایت کا اعادہ کیا۔
غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطینیوں کے لئے امدادی کھیپ بھیجی ہیں اور غزہ کے لئے ایک بلا روک ٹوک اور غیر مشروط انسانی راہداری کے قیام کے لئے مزید امداد بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بیگم سعدیہ رحمت اللہ نے ترک خاتون اول ایمن اردوان کا غزہ سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی مخدوش صورتحال پر بات چیت کے لئے اجلاس منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔۔