فتنہ قادیانیت کا تدارک دینی و آئینی تقاضا ہے۔ پی ایف یو جے (دستور)

اسلا م آباد(صباح نیوز)پی ایف یو جے(دستور) نے  کل  17نومبر جمعہ کو قومی سطح پر صحافیوں کے ،،  یوم یکجہتی فلسطین ،،  منانے کا اعلان کردیا،تحفظ ختم نبوتۖ کے مقدس مشن کے لئے خدمات انجام دینے والے  ہمارے ہیروز ہیں ،قادیانیوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے ، فتنہ قادیانیت کا تدارک دینی و آئینی تقاضا ہے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کروانا حکومتی ذمہ داریوں میں شامل ہے، عقیدہ تحفظ ختم نبوتۖ کیلئے آغا شورش کاشمیری مرحوم کی گراں قدر خدمات آنے والی نسلوں کیلئے بھی مشعل راہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان  فیڈرل یونین  آف جرنلسٹس  دستور اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب میں  ، خطیب ، صحافی و تحریک ختم نبوتۖ کے رہنما آغا شورش کاشمیری کی 47ویں برسی پرسمینار  بعنوان “تحریک ختم نبوت میں شورش کاشمیری کا کردار” سے مقررین نے خطاب کرتے  ہوئے کیا۔ صدارت پی ایف یوجے دستور کے صدر محمد نواز رضا نے کی ۔مہمان خصوصی   مجلس احرار اسلام کے مرکزی ناظم اعلی علامہ حاجی عبد الطیف خالد چیمہ تھے۔

سمینارمیں مقررین نے مطالبہ کیا کہ تحریک ختم نبوت کے عظیم رہنما آغا شورش کاشمیری کی  خدمات قربانیوں کو نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے اور حکومتی سطح پر ان کا یوم وفات منایا جائے۔ آغا شورش کاشمیری سچے عاشق رسولۖ تھے۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ تحریک ختم نبوت میں آغا شورش کاشمیری  کا کردارصبح قیامت تک یاد رکھا جائے گا، 28کتابوں کے مصنف تھے، ان کی کتابیں عقیدہ ختم نبوت سمیت دیگر موضوعات پر آج بھی روشنی بکھیر رہی ہیں۔ آغا شورش کاشمیری جراتمندانہ مزاحمت کا نام تھے، حکمرانوں کے سامنے بلاخوف وخطر کلمہ حق بلند کیا۔محمد نواز رضا نے کہا کہ آغا شورش کاشمیری شعلہ بیاں مقرر، بلند پایہ مصنف، صحافی، شاعر تھے جن کی زندگی کا مقصد عقیدہ تحفظ ختم نبوتۖ کیلئے عملی جدوجہد کرنا تھی، یہی وجہ ہے کہ وہ 47سال گزر جانے کے بعد آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں، زندہ رہیں گے۔  ان کی تحریریں عام کر کے نسل نو میں عشق نبی ۖ کو فروغ دیا جائے۔

علامہ تنویر احمد علوی نے کہا کہ شورش کاشمیری خطیب بھی تھے اور سیاست وصحافت میں نام رکھتے تھے، وہ ہر پہلو میں اپنی مثال آپ تھے، جرات مند، بے باک صحافی تھے جن کی تحریریں عشق نبی ۖ میں ڈوبی ہوئی ہیں۔سیمینار میں تحریک ختم نبوتۖ کے اکابرین کی بلندی درجات، فلسطین وکشمیر کے شہدا  کے لئے  دعا کی گئی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلامی ممالک فلسطین کی عملی مدد کیلئے مصلحتوں سے بالاتر ہو کر پہنچیں، فلسطین میں اسرائیل تاریخ کے بدترین انسانیت کش اقدامات کر رہا ہے جہاں زندگی ختم ہوتی جارہی ہے اور امت بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ 17نومبر بروز جمعہ کو قومی سطح پر صحافی برادری یوم یکجہتی فلسطین منائے گی۔سمینارسے راولپنڈی اسلام آبادیونین دستور کے صدر سیدقیصر عباس شاہ ، کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر خاور نواز راجہ، سردار عمران بلوچ، سینئر صحافی رانا کوثر علی، مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ناظم اعلی سردار مظہر، آر آئی یو جے دستور کے سابق فنانس سیکرٹری مرزا عبدالقدوس، گلاب رضا عطاری، قاری حمزہ سمیت دیگر رہنمائوں اور صحافیوں نے  بھی خطاب کیا