جماعت اسلامی کے زیر اہتمام سیالکوٹ میں اتوار کو اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان مارچ ہوگا

لاہور(صباح نیوز) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام سیالکوٹ میں اتوار (کل) کو اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان مارچ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ امیر جماعت ایران، ترکی اور قطر کے پانچ روزہ دورہ سے واپسی کے موقع پر سیالکوٹ پہنچیں گے اور شرکائے مارچ سے کلیدی خطاب کریں گے۔ قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطین کازکے لیے تمام کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بیت المقدس کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا ہر مسلمان کے لیے لازم ہے۔ جماعت اسلامی نے غزہ پر صہیونی افواج کے حملے کے فوری بعد سے ملک کے بڑے شہروں میں مظاہروں کا انعقاد کیا جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور جنھیں عالمی سطح پر کوریج ملی۔ انھوں نے کہا کہ سیالکوٹ مارچ کے بعد 19نومبر کو لاہور میں تاریخی ملین مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔