سری نگر: بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے ۔ میسر احمد ڈار نامی نوجوان کو ضلع شوپیاں کے علاقے کتھوہلان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔۔ ادھر بھارتی فورسز اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیموں نے سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور جموں اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران کم از کم 12نوجوان گرفتار کر لیے۔
حراست میں لیے گئے افراد میں سحران بشیر، عبید نذیر، عمر امین، حذیف شبیر، ناصر فاروق شوکت بٹ اور دیگر شامل ہیں۔ گرفتار کیے گئے نوجوانوں پر کالا قانون یو اے پی اے لاگو کیا گیاہے۔دریں اثناسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے سرینگر ، پلوامہ اور اسلام آباد اضلاع میں کئی لوگوں کے گھروں کی تلاشی لی جن میں معروف کشمیری تاجر امتیاز احمد کا سہ،
وکیل عزیر احمد رونگا، اشفاق احمد وانی، صابر احمد قاضی، عرفان بشیر میر، شبیر احمد اور رفیق شامل ہیں۔ ایس آئی اے کی ٹیموں نے بھارتی پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ چھاپوں کے دوران مکینوں کو ہراساں کیا اور گھروں سے ضروری دستاویزات، موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لیے۔قابض بھارتی انتظامیہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے زیرپارہ بجبہاڑہ میں عمر امین ٹھوکر کی ایک دکان ضبط کر لی۔