اسلامی دنیا کے حکمران خواب غفلت سے جاگیں، غزہ کو بچانا ہوگا۔مولانا عبدالحق ہاشمی

 کوئٹہ(صباح نیوز)    امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل کا حل مسلم لیگ ،پیپلزپارٹی وکئی دہائیوں سے قوم پر مسلط طبقات نہیں بلکہ دیانت دار قیادت ،عوامی مسائل حل کرنے والی حکومت ہے مقتدرقوتیں بلوچستان پر پھر انہی لوگوں کو نئی پارٹی میں جمع کرکے مسلط کرنے کی تیاری کر رہے ہیں عوام ان مفادپرست،پیٹ پرستوں سے ہوشیار رہے۔ اسلامی دنیا کے حکمران خواب غفلت سے جاگیں، غزہ کو بچانا ہوگا۔ واشنگٹن صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کی سرپرستی بند کرے۔ امت مسلمہ بے چین ہے ،اسرائیل مہذب دنیا کے تمام قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے، اسے نہ روکا گیا تو آگ و خون کا کھیل ہرطرف پھیل جائے گا۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ ایسا کھیل نہ کھیلے جس سے دنیا کا امن برباد ہوجائے، مسلمانوں کا خون ارزاں نہیں۔ فلسطینی عوام گزشتہ ستر برسوں سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، لاکھوں انسانوں کو قید نہیں رکھا جاسکتا۔عجلت میں زبردستی ،بے عزت کرکے بے دخلی افغانوں کی چالیس سالہ مہمانداری کو نفرت میں تبدیل کردیا۔دونوں طرف بے بنیاد جھوٹے پروپیگنڈہ کرکے جلتی پر تیل کاکام کیاجارہا ہے۔

 اپنے جاری بیان میں  انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک قرضہ اور مہنگائی کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ نگران حکومت بھی سابقہ ادوار اور آئی ایم ایف کی پالیسیوں پرعمل پیرا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں آٹا، چینی، دالوں اور گھی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا، لوگوں کے لیے پیٹ پالنا مشکل، ہردوسرا تیسرا شخص پریشان اور ڈپریشن کا شکار ہے، بجلی گیس کے بلز، پٹرول ڈیزل کی قیمتیں، ادویات کے نرخ آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں، عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر باربار مسلط رہنے والی حکمران جماعتیں ایک دفعہ پھر اقتدار کی متلاشی ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ان کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں، یہ امریکا کی طرف دیکھتے ، آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کے احکامات پر آنکھیں بند کرکے عمل پیرا ہوتے ہیں، ان کی وجہ سے ادارے کمزور ہوئے، لوگوں کو انصاف نہیں ملتا، احتساب کے ادارے ان کی خوشنودی پر چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون اور جمہوریت کی بالادستی قائم کرکے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے، ملک لوٹنے والوں کا کوئی ادارہ یا عدالت احتساب نہیں کرسکی، اب عوام ووٹ کی طاقت سے ہی ظالموں اور لٹیروں کا احتساب کرے، قوم نے سانپوں کو دودھ پلایا تو یہ اژدھے بن کر انہی کو ہی نگل لیں گے، ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ مس مینجمنٹ، سودی معیشت اور نااہل حکمران ہیں، ان مشکلات سے جان چھڑانا ہوگی، صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے، ہم ہی فلسطین اور مظلوم انسانوں کا مقدمہ عالمی سطح پر موثر اور جاندارطریقے سے لڑ سکتے ہیں، ہم نے ہرحال میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے