اسرائیلی حملے قیدیوں سے متعلق کسی بھی سطح کے مذاکرات میں رکاوٹ ہیں: حماس

غزہ(صباح نیوز)اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں حماس کے زیر حراست قیدیوں کی نئی تعداد کا اعلان کرنے کے بعد حماس نے کہا ہے کہ وہ فی الحال قیدیوں کے تبادلے سے متعلق کسی بھی سطح پر کوئی بات چیت نہیں کرے گی۔حماس کے ترجمان حازم قاسم نے منگل کے روز العربیہ کو دیے گئے بیان میں وضاحت کی کہ اسرائیل کے پرتشدد حملے اوربمباری قیدیوں کے بارے میں کسی بھی قسم کے مذاکرات میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیلی حملے رکنے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے کیونکہ اسرائیلی بمباری مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی زمینی حملے سے قیدیوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات بڑھ جائیں گے۔حماس کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی دھڑوں کے جنگجوں کے پاس اسرائیل کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

انہوں نے میدان میں ہونے والی پیشرفت اور جاری محاذ آرائی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ “غزہ میں تازہ اسرائیلی دراندازی بارہا اور ناکام رہی ہے”۔انہوں نے وضاحت کی کہ متعدد اسرائیلی گاڑیاں شمالی غزہ کے نرم علاقوں میں گھس گئیں اور پھر پسپا ہوگئیں۔