کرک(صباح نیوز)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کی جانب سے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف منائے جانے والے یوم سیاہ کو یاد کرنے کے بارے ایڈمنسٹریشن ،خوشحال ڈیبیٹنگ سوسائٹی اور پرووسٹ آفس نے مشترکہ طور پر ایک تقریب منعقد کی۔ تقریب میں تقریری مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں طلبا وطالبات نے حصہ لیا اور اپنی تقاریر میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں بتایا ۔
مقررین نے کہا کہ یہ دن کشمیریوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کے ساتھ اظہار کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں منعقدہ تقریب کا آغاز یوم سیاہ کو یاد کرنے کے ساتھ ہوا، جس میں طلبا، اساتذہ اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا پیغام پیش کیا۔ وائس چانسلرخوشحال خان خٹک کرک پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے کہاکہ اس تقریب کا مقصد کشمیریوں کی مشکلات اورتکالیف میں ان کے ساتھ کھڑے ہونا اور ان کی موقف کو فروغ دینا ہے۔تقریب کے بعد یکجہتی واک کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں طلبا اور اساتذہ نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حقوق کی حمایت کے نعرے درج تھے۔