پشاور (صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ملاقات کی جب کہ وزیراعظم نے پولیس بہادر سپاہی عمر سعید کو پانچ لاکھ کا انعام بھی دیا سپاہی نے ہنگو میں دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا تھا ۔ دورے کے موقع پر گورنر نے وزیراعظم کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں امن و امان کی صورت حال سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن سہولت اور تعاون یقینی بنائے گی دریں اثنا نگران وزیراعظم نے ہنگو دہشتگرد حملے میں دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے والے خیبر پختونخواہ پولیس کے سپاہی عمر سعید کو خراج تحسین کیا۔ وزیراعظم نے ہنگو حملے کے دوران فائرنگ کا مقابلہ کرنے والے صوابی سے تعلق رکھنے والے جوان کو بہادری پر شاباش دی۔
وزیراعظم نے حوصلہ افزائی کے طور پر عمر سعید کو پانچ لاکھ کا انعام بھی دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمر سعید جیسے بہادر جوان ہماری قوم کی ایک آہنی دیوار کی مانند حفاظت کر رہے ہیں ،ہماری پولیس ملک دشمن عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام کرنے کے لیے ہر دم تیار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پولیس نے مشکل ترین حالات میں بھی ہر موقع پر ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کام کیا۔