خودکش بمبار الگ الگ دھماکے کرنا چاہتے تھے، ہنگوحملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ


ہنگو(صباح نیوز)ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ  میں بتایا گیا کہ مسجد میں خودکش بمبار الگ الگ دھماکے کرنا چاہتے تھے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہنگو میں مسجد میں خود کش حملے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جس میں دہشتگردوں کا پلان واضح ہو گیا ، خودکش بمبار الگ الگ دھماکے کرنا چاہتے تھے، حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے پہلے گیٹ کلیئر کرنا تھا، ایک خودکش حملہ آور مسجد میں دھماکہ کرتا، دوسرا پولیس حکام اور سکیورٹی اہلکاروں کیلئے گھات لگاتا۔

پلان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کے پہنچنے پر دوسرا دھماکہ کیا جاتا تاکہ زیادہ سے زیادہ نقصان ہو لیکن گیٹ پر مامور پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

ایک خودکش بمبار گیٹ پر ہی مارا گیا، حملہ آوروں کے اعضا ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیئے گئے ۔