کوئٹہ(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے خودکش دھماکے کا ایک اورزخمی دم توڑ گیا جس کے بعدجاں بحق افرادکی تعداد 60 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق سی ایم ایچ میں 18اورسول ہسپتال میں 3 زخمی زیرعلاج ہیں ،جن میں سی ایم ایچ میں 3 اورسول ہسپتال میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔
سول ہسپتال کوئٹہ اور اوربی ایم سی میں مستونگ بم دھماکے کے شہید افراد کی تعداد 8 ہوگئی جلوس پر خود کش دھماکے کے بعد حکومت بلوچستان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کررکھا ہے، بلوچستان اسمبلی، وزیر اعلیٰ ہائوس، گورنر ہاؤس، بلوچستان ہائیکورٹ سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کر دیا گیا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق مستونگ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کرلیا گیا جس میں قتل ، اقدام قتل، دہشت گردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں ۔