اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان اور میٹا فیس بک کے نمائندوں کے درمیان مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری ای سی پی عمر حامد خان نے کی سپیشل سیکرٹری سید آصف حسین اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
سیکرٹری ای سی پی نے میڈیا اور انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ میٹا فیس بک ٹیم نے انتخابی تشدد، غلط معلومات، بے بنیادمعلومات اور انتخابی عمل سے متعلق میڈیا کی خواندگی کے حوالے سے چار معلوماتی ویڈیوز پیش کیں۔ ٹیم نے انتخابی عمل میں خواتین، نوجوانوں، قابلیت کے حامل افراد، ٹرانس جینڈر افراد اور دیگر پسماندہ گروہوں کی شرکت کے بارے میں وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔
دونوں اداروں کے درمیان مفید بات چیت ہوئی، جس میں سماجی پولرائزیشن سے نمٹنے کے لیے فیس بک کمیونٹی کے معیارات کا اردو اور علاقائی زبانوں میں ترجمہ کرنا شامل تھا۔ ای سی پی کے بیان کے مطابق یہ ملاقات آئندہ عام انتخابات کے لیے پاکستان کے جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔