اسلام آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ووٹر لسٹوں کی تیاری کے متعدد مراحل اور نادرا کی مختلف سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ بلوچستان اور سندھ کے الیکشن کمیشن کے ممبران، سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی آئی ٹی بھی شریک تھے۔
چیرمین نادراطارق ملک نے سکندر سلطان راجہ کو خواتین رجسٹریشن کے اہداف میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر آگاہ کیا۔ چیئرمین نادرا نے اقلیتی برادری کی رجسٹریشن کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔طارق ملک نے کہا کہ خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنا اور سو فیصد رجسٹریشن کے حصول کے لیے عمل پیرا ہیں، 2017 سے رجسٹریشن میں صنفی فرق کو 19فیصد سے گھٹا کر 10فیصد کر دیا گیا، گزشتہ 100 دنوں میں خواتین کی رجسٹریشن کو بڑھانے کے سلسلے میں ترقیاتی و تکنیکی وسائل کو استعمال کیا۔
اس قلیل عرصے میں خواتین کی رجسٹریشن میں 40 فیصد مجموعی اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی رجسٹریشن میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے، خواتین سٹاف پر مشتمل سینٹرز کا قیام، خواتین کے لیئے مخصوص دن کا تعین اور آن لائن سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اقلیتیں بھی پاکستان کی پہچان ہیں اور ان کی رجسٹریشن کو بھی سہل بنایا جا رہا ہے۔