نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او کی ملاقات

نیویارک(صباح نیوز)نگراں وزیر اعظم انوار الحق سے ریو ٹنٹو گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیاگیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او جیکب سٹوشولم نے ملاقات کی جو کان کنی اور معدنیات میں عالمی رہنما ہیں۔ وزیر اعظم نے ریو ٹنٹو گروپ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر غور کرے جس میں ملک کے 6 ٹریلین ڈالر سے زائد مالیت کے وسیع غیر استعمال شدہ معدنی ذخائر سے استفادہ کیا جا سکتا ہے جس میں سونے، تانبے اور نایاب زمینی دھاتوں کے خاطر خواہ ذخائر شامل ہیں۔وزیر اعظم نے کارکردگی میں اضافہ، کاروباری لاگت میں کمی، ریگولیٹری بہتری، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور اعلی سرمایہ کاری کے ذریعے پائیدار ترقی کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے مضبوط معاشی وژن کا خاکہ پیش کیا۔

وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کی اہمیت کو اجاگر کیا جو ایک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے،طریقہ کار کو آسان بناتا ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دیتا ہے۔انہوں نے ایف ڈی آئی کی ترجیح کے طور پر کان کنی کے شعبے کی اہمیت پر زور دیا جس میں پاکستان کے وافر قدرتی وسائل بشمول تانبا، سونا، سیسہ، زنک اور نایاب زمینی معدنیات سیاستفادہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت پاکستان کا مقصد ریو ٹنٹو جیسی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کے مفادات کو مقدم رکھنا ہے۔وزیراعظم نے ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او اور ان کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او نے دعوت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گی۔۔